کابل،28مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افغانستان میں ایک زخمی طالبان جنگجو کو ہلاک کرنے کا جرم ثابت ہونے پر برطانوی میرین کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔سارجنٹ ایلیگزینڈر بلیک مین چند ہی ہفتوں میں رہا کر دیے جائیں گے کیونکہ وہ تین سال سے جیل میں ہیں۔یہ سزا اس وقت سنائی گئی جب اپیل کورٹ نے فیصلہ دیا کہ بلیک مین کے قتل کی سزا کو قتل خطا میں تبدیل کر دیا جائے۔یاد رہے کہ یہ واقعہ افغانستان میں 2011 میں اس وقت پیش آیا جب برطانوی گشتی پارٹی پر حملہ کیا گیا تھا۔دو میں سے ایک حملہ آور اپاچی ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔ برطانوی میرینز کو یہ زخمی جنگجو کھیتوں میں ملا۔ان پر مقدمے کے وقت ان کی شناخت 'میرین اے' کے طور پر کروائی گئی تھی اور ان کا پورا نام صرف اس وقت ظاہر کیا گیا جب ان کو مجرم قرار دیا گیا۔عدالت کے باہر بلیک مین کی اہلیہ نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے پر بہت خوش ہیں۔ ’یہی وہ وقت ہے جس کے لیے میں نے جد و جہد کی۔کورٹ مارشل اپیل کورٹ کو بتایا گیا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت بلیک مین ذہنی بیماری میں مبتلا تھے۔